مساجد میں بیہودہ گانوں کی شوٹنگ،ماڈلنگ اور شادی فوٹو شوٹ اسلامی تشخص تباہ کیا جارہا ہے

اسلام کے نام پر بننے والی اسلامی ریاست میں اللہ کے گھروں میں یہ مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے

تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کے لئے گانوں پر رقص کی شوٹنگ محکمہ اوقاف کی غفلت کا نتیجہ ہے

مساجد میں رقص و سرور کی محافل کی عکاسی انتہا ئی افسوسناک امر اور موجودہ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے

حکومت مساجد کی بے حرمتی پر ہوش کے ناخن لے اور واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے

امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف و دیگر قائدین کا احتجاجی مظاہرے کے بعد میڈیا سے گفتگو

لاہور (ویب ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مساجد میں بیہودہ گانوں کی شوٹنگ،ماڈلنگ اور شادی فوٹو شوٹ اسلامی تشخص تباہ کیا جارہا ہے۔تاریخی مسجد وزیر خان میں فلم کے لئے گانوں پر رقص کی شوٹنگ محکمہ اوقاف کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ مساجد میں فلموں کی شوٹنگ اور شادی بیاہ کے پروگرامات پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔اسلام کے نام پر بننے والی اسلامی ریاست میں اللہ کے گھروں میں یہ مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی پر دہلی دروازہ سرکلر روڈ پر احتجاجی مظاہرے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف، سیکرٹری جے آئی یوتھ قدیر شکیل اور دیگر رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔مساجد میں رقص و سرور کی محافل کی عکاسی انتہا ئی افسوسناک امر اور موجودہ حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔مساجد کی بے حرمتی اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔مذہبی مقامات پر فلموں، گانوں اور کمرشل کی شوٹنگ پر مکمل پابندی لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ مسجد کا احترام ہمارے دین کاحصہ ہے۔چند مخصوص طبقات کی جانب سے دنیا کو پاکستان کا سیکولر چہرہ دکھانے کی خاطر ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی ریاست میں ایسے حکمران مسلط ہیں جن کو مذہب کی توہین سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت اور اعلی عدلیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر ایسا قانون پاس کروائے جس میں مقدس مقامات کا احترام ہر طرح سے ملحوظ خاطر رکھا جائے اور تاریخی مسجد میں پیش آنے والے افسوسناک واقع کے ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کیا جائے۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف اور سیکرٹری قدیر شکیل نے مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کے اسلامی تشخص کو پامال کیا جارہا ہے۔مساجد جو کہ اللہ کا گھر اور عبادت کے لئے ہیں وہاں پر یوں فحش گانے کے ویڈیو شوٹ حکمرانوں کیلئے باعث شرم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران مدینہ کی ریاست کے نام پر قوم کے مذاق کررہے ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کا بھی فرض ہے کہ مساجد کی بے حرمتی پر ہوش کے ناخن لیں اور واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے۔