بلوچستان، بارش سے ندی نالے بپھر گئے، بولان میں قومی شاہراہ بہہ گئی

  بی بی نانی پل بھی ٹوٹنے سے سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، مسافروں کا  موبائل فون سروس نہ ہونے پر لواحقین سے رابطہ نہ ہو سکا

مگسی میں سیلابی ریلا متعدد مویشی بہا لے گیا، شہری پریشان، امدادی کارروائیاں جاری

کوئٹہ(ویب ڈیسک )بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے، بولان میں 2 مختلف مقامات پر قومی شاہراہ کا حصہ بہہ گیا، سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ جھل مگسی میں سیلابی ریلا متعدد مویشی بہا لے گیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، گوکرد کے مقام پر بی بی نانی پل بھی ٹوٹ گیا جس سے دونوں اطراف سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مسافروں میں بڑی تعداد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل ہے، موبائل فون سروس نہ ہونے کے باعث لواحقین سے رابطہ نہ ہو سکا۔جھل مگسی میں بھی بارشوں کے باعث دریائے بولان میں طغیانی آگئی، سیلابی پانی سرگانی میں داخل ہو گیا جس سے متعدد مویشی بہہ گئے، نوتال روڈ ڈوبنے سے گنداواہ جھل مگسی کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔