کراچی (ویب ڈیسک)

سندھ کابینہ نے کراچی میں ایک اور نیا ضلع بنانے کی منظوری دیدی، ضلع کیماڑی سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ہاربر سب ڈویژنز پر مشتمل ہوگا، ایم کیو ایم نے فیصلہ عدالت میں چیلنج کرنے کا عندیہ دیدیا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کابینہ نے کراچی میں کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ نے ضلع جنوبی کا نام ضلع کراچی رکھنے کی تجویز دی ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کے باقی اضلاع کے نام بھی ان کے مشہور علاقوں سے منسوب کئے جانے چاہیے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ کے مطابق کراچی کا ضلع غربی اس وقت پورے سندھ میں بڑا ضلع ہے، ضلع غربی کی آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 ہے ۔

دوسری جانب رہنما ایم کیو ایم پاکستان فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی جعلی مینڈیٹ دکھانے کے لیے کراچی کو تقسیم کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔