اسلام آباد (ویب ڈیسک)

امریکی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز (ایس اینڈ پی) نے پاکستان کی خود مختار ریٹنگز میں استحکام اور بہتری کی تصدیق کردی۔

ایس اینڈ پی نے اپنے اعلامیے میں پاکستان کی خود مختار ریٹنگز کو “بی “ کیٹیگری قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طویل المدتی اور قلیل المدتی خود مختار ریٹنگز “بی” ہے اور طویل المدتی رینٹنگز مستحکم ہیں۔

اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز نے پاکستان کے سکوک سرٹیفکیٹ کی بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستانی معیشیت پر دباؤ آیا، اس بیماری سے قبل حکومت پاکستان نے مضبوط معاشی اقدامات کیے، وبائی مرض پر قابو پاتے ہی پاکستانی معیشت میں بہتری آئے گی اور اصلاحات کا سلسلہ بھی بحال ہو جائے گا۔

ایس اینڈ پی نے مزید کہا کہ بیرونی اقتصادی اور مالی ادائیگیوں میں توازن کی صورت میں پاکستانی ریٹنگز میں مزید بہتری اور اضافے کا امکان ہے، توازن برقرار رکھنے سے خارجی ادائیگیاں آئندہ ایک سال تک پوری کی جا سکتی ہیں۔