کراچی میں بارش کے بعد بیشتر علاقوں کی حالت ابتر ، پانی گھروں میں داخل

گجر نالے میں ڈوبنے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، شادمان ٹائون بارش کے بعد دلدل کا منظر پیش کررہا

سرجانی ٹائون، یوسف گوٹھ سمیت کئی علاقوں سے پانی نہ نکالا جا سکا،کیچڑ کے انبار لگ گئے ،لوگ بے یارومدد گار

شہر قائد میں منگل تک تیزبارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

کراچی(ویب ڈیسک )بارش کے بعد کراچی میں بیشتر علاقوں کی حالت ابتر ہے ، گجر نالے میں ڈوبنے والے دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، ملیر ندی میں بھی طغیانی، سیلابی ریلا روڈ پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق بارش کے پانی کے باعث گٹر اور نالے ابل پڑے ہیں اور گندا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ سڑکوں پرجگہ جگہ پانی جمع ہے، سڑکوں اور گلیوں میں کیچڑ اور کچرے کے انبار لگ گئے  ، سرجانی ٹائون، یوسف گوٹھ سمیت کئی علاقوں سے پانی نہ نکالا جا سکا۔ ندی نالے بپھرنے سے شاہراہوں پر پانی آ گیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔سرجانی ٹاون میں انتظامیہ بروقت نہ پہنچ سکی ، لوگ بے یارومدد گار ہیں۔ علاقے میں کئی کئی فٹ تک پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شادمان ٹائون دو روز کی موسلادھار بارش کے بعد دلدل کا منظر پیش کررہا ہے، علاقہ مکینوں کو  مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا  ،علاقہ مکینوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی کر لی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں منگل تک تیزبارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے  ۔شہری حکومت کی مدت 28 اگست کو پوری ہونے جا رہی ہے جس کے بعد متفقہ ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے گا۔ ایڈمنسٹریٹر کیلئے سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی 3 شخصیات کے نام بھی زیر غور ہیں، معروف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر نعمان احمد، سابق سینیٹرتاج حیدر اور ماہر معیشت اسد سعید کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے، سندھ حکومت پارٹی قیادت کی مشاورت سے نام فائنل کرے گی۔