جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ کی نئے اتحاد کی کوششیں

  اپوزیشن الائنس کا اجلاس 27 اگست کو مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہو گا

 چھوٹی اپوزیشن کی جماعتیں شرکت کریں گی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)

جمعیت علماء اسلام(ف)کے  سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف کو اپوزیشن  کے اتحاد کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔ مولانا فضل الرحمن  کی طرف سے  نئے اتحاد کی تیاری پر اپوزیشن لیڈر جے یو آئی کی قیادت کو منانے کیلئے  متحرک ہوگئے تاہم  اپوزیشن  کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت  سے  واضح حکمت عملی کے بارے میںدوٹوک بات کی جائے گی تاکہ بغیر کسی  تاخیر، رکاوٹ  کے  حکومت کیخلاف فیصلہ کن تحریک شروع کردی جائے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ مولانا فضل الرحمن پارلیمنٹ میں دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں کے اپوزیشن کے حکومت کیخلاف غیرموثر کردار پر انتہائی ناراض ہیں، گزشتہ دنوں  پارلیمنٹ میں اہم معاملات پر ہونے والی قانون سازی کے حوالے سے بھی  اپوزیشن کے رسمی احتجاج پرا پوزیشن قائدین کو خدشات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اس بار تحریری طورپر تمام بڑی جماعتوں سے حکومت کیخلاف سرگرمیوں سے متعلق ٹائم فریم اور تحریک کے لائحہ عمل کا اعلان کروانا چاہتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کی طرف سے  نئے اتحاد کی کوششیں  تاحال جاری ہیں، سات جماعتیں اس اتحاد پر آمادہ ہیں ۔مولانا فضل الرحمن ان جماعتوں کے رہنمائوں کو شہباز شریف سے ہونے والی بات چیت   کے بارے میں بھی اعتماد میں لیں گے اور ان جماعتوں کے رہنمائوںکا الگ سے مشاورتی اجلاس  کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے جس میں اپوزیشن  کی دونوں بڑی جماعتوں کے نمائندوں کو شامل نہیں کیا جائے گا ۔ اس مشاورتی اجلاس کی تجاویز سے اپوزیشن  کی دونوں بڑی جماعتوں کی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا اور ان سے واضح حکمت عملی کے بارے میںدوٹوک بات کی جائے گی تاکہ بغیر کسی  تاخیر، رکاوٹ کے حکومت کیخلاف فیصلہ کن تحریک شروع کردی جائے۔ ادھر ایک اور رپورٹ کے مطابق  اپوزیشن الائنس کا اجلاس 27 اگست کو مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ہو گا جس میں چھوٹی اپوزیشن کی جماعتیں شرکت کریں گی۔ ان جماعتوں میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔اپوزیشن کو متحد کرنے کے امور پر غور کیا گیا۔ اس مسئلے پر بھی غور کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پائے جانے والے فاصلوں کو کیسے کم  کیا جائے۔