مقبوضہ کشمیر میں محرم کے ایک جلوس پربھارتی فورسز کا حملہ ، کئی عزادار زخمی
جلوس میں آزادی کے نعرے لگانے پر دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج
طارق احمد حجام اورریاض احمد حجام سمیت4 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے

سری نگر(ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں میں بھارت کے خلاف، آ زادی  اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے لگائے گئے ہیں۔ وسطی کشمیر میں محرم کے ایک جلوس پر بھارتی فورسز نے حملہ کرکے کئی عزاداروں کو زخمی کر دیا ہے جبکہ محرم کے جلوس میںآ زادی کے نعرے لگانے کے الزام میں دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔4 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔کے پی آئی کے مطابق وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں زوری گنڈ سے مرکزی امام بارگاہ بڈگام کی طرف آرہے ایک جلوس عزا پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی  اور ہوائی فائرنگ کر دی ۔ شیلنگ کی وجہ سے کچھ عزاداروں کو  چوٹیں لگی ہیں۔ آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ  کے باوجود جلوس بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں منزل مقصود تک پہنچا۔ کے ایم ایس کے مطابق بڈگام اور سری نگر میں  محرم کے جلوسوں میں  ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے، ہم کیا چاہتے ہیں آ زادی  اور  بھارت کشمیر چھوڑ دے  کے نعرے لگائے گئے۔ ادھر سرینگر کے مضافاتی علاقے نائو پورہ بنڈ ہوکر سرمیں محرم کے جلوس  میں بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ تھانہ پارمپورہ نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگانے کی پاداش میں  دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے سرینگر میں برتھنہ قمر واری علاقے سے دو سگے بھائیوں  طارق احمد حجام اورریاض احمد حجام  کو گرفتار کر لیا ہے
#/S