کراچی (ویب ڈیسک)

شہر قائد کے مسائل حل کرنے کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے، کراچی کے لیے مکمل نظام تشکیل دے دیا گیا، 48 گھنٹے کے اندر ایکشن پلان پر عملدرآمد کا آغاز ہو گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جلد کراچی پہنچ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے پورا نظام ترتیب دیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ کورونا پر قابو پانے کے لیے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی طرز پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر بنایا جائے گا، وفاقی حکومت اور افواج پاکستان ایک مرکزی نظام کے تحت سندھ حکومت کی معاونت کریں گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی جلد کراچی پہنچ رہے ہیں، جمعرات کو وزیر اعظم کے دورے کے بعد پلان کو مزید آگے بڑھایا جائے گا، شہر کے لیے ایک مضبوط ایڈمنسٹریٹر کا بھی تعین کیا جائے گا، اعلی سطح کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے حوالے سے سندھ حکومت کو بھی اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔