اسلام آباد: پشاور موڑ سے ائرپورٹ تک میٹرو بس چلانے میں اہم پیشرفت

میٹرو بس چلانے کے لیے وزارت داخلہ نے ایک ارب 90 کروڑ روپے کے پی سی ون کی منظوری دے دی

پی سی ون کے تحت سی ڈی اے کو 30 بسیں خریدنے کی اجازت دی گئ

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وفاقی دارالحکومت میں پشاور موڑ سے ائرپورٹ تک میٹرو بس چلانے میں اہم پیشرفت ہوئی ،ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق میٹرو بس چلانے کے لیے وزارت داخلہ نے ایک ارب 90 کروڑ روپے کے پی سی ون کی منظوری دے دی ہے اور پی سی ون کے تحت سی ڈی اے کو 30 بسیں خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔پشاور موڑ سے ائرپورٹ تک میٹرو بس مینجمنٹ بھی سی ڈی اے کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ میٹرو بس کے لیے فنڈز کی فراہمی کے لیے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پشاور موڑ سے اسلام آباد ائرپورٹ تک میٹرو بس کا ٹریک مکمل ہونے کے قریب ہے جس کے بعد 16 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹریک سی ڈی اے کے حوالے کیاجائے گا۔اس منصوبے میں 25 کلومیٹر طویل سگنل فری راہداری شامل ہے جو پشاور موڑ سے شروع ہوگی اور 9 اسٹیشنوں، 12 پل اور 12 انڈر پاسز کے ساتھ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اختتام پذیر ہوگی،سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مئی 2017 میں پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ائرپورٹ تک میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کیا تھا۔