اسلام آباد (ویب ڈیسک)

بھارتی فورسز کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینے کیلئے مختلف ممالک کے سفرا اور دفاعی اتاشی‌ کنٹرول لائن کا دورہ کیا جہاں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی۔

غیرملکی سفیروں اور دفاعی اتاشیوں کا وفد ایل او سی کے جورا سیکٹر پہنچا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، 2014 سے جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزیوں میں شدید اضافہ ہوا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے سول آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جاتا ہے، بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیر ملکی سفارکاروں کو بتایا کہ اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کی، کشمیریوں کو ان کی سرزمین پر یرغمال بنا دیا گیا ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے،2020 میں اب تک بھارت 2333 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، اب تک بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 18 سول افراد شہید اور 185 زخمی ہوئے۔

سفارتکاروں کا وفد بھارتی فائرنگ کے شکار متاثرین سے بھی ملاقات کرے گا۔ سفیروں میں آذربائیجان،بوسنیا،یورپی یونین،پرتگال کےسفرا اوردفاعی اتاشی وفدمیں شامل ہیں۔ سعودی عرب،جنوبی افریقہ،ترکی اورفلسطین کےسفرابھی کنٹرول لائن کا دورہ کر رہے ہیں جبکہ یونان، آسٹریلیا، ایران، کرغزستان اورعراقی سفیربھی دورہ کرنے والے وفد میں شامل ہیں۔

برطانوی،اٹلی،پولینڈ،ازبکستان اورجرمنی کے علاوہ سویٹزرلینڈ،فرانس،مصر،لیبیا،یمن،افغانستان کے سفیروں کو بھی کنٹرول لائن کا دورہ کروایا جا رہا ہے جبکہ عالمی ادارہ برائےخوراک کےنمائندےبھی وفد میں شامل ہیں۔