اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ لکھ دیا  گیا ہے اور مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں کو راشن و دیگر اشیاء ضرویہ کی خریداری کے لئے اتوارتک کی مہلت دے دی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آبادڈاکٹر ضعیم ضیاء نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ شفقات کوتین سب سیکٹرز کی مختلف گلیاں سیل کرنے کیلئے سرکاری مراسلہ لکھ دیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر نے اتوارتک کی مہلت دیتے ہوئے مذکورہ علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنا راشن و دیگر اشیاء ضرویہ کی خریداری کرلیں جس کے بعد اتوار کی شام کو مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کرکے ان علاقوں کو سیل کردیا جائے گا۔

ڈی ایچ او کی جانب سے ڈی سی کو لکھے گئے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی دارلحکومت میں ایک دن میں 88 کیسز سامنے آنے کے بعد سیکٹر جی ٹین فور کی 38، 44، 45، 46، 47 اور 48 سیکٹر آئی ایٹ ٹو کی گلیاں 25 اور 29 جب کہ سیکٹر جی نائن فور کی 85 اور 89 گلیاں سیل کردی جائیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنرسے مذکورہ گلیوں میں مائیکرو لاک ڈاؤن لگانے کی استدعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ وقت پرلاک ڈاؤن لگانے سے کورونا کیسز کے پھیلاؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

ادھرکورونا کیسز میں اچانک اضافہ کی رپورٹس ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر کے حکم پر اسلام آبادمیں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزیوں پرضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے اور ہفتے کو ضلع بھر میں 173 مقامات کے معائنے کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 32 ریسٹورنٹس، 47 دکانیں، ایک ورکشاپ سیل کردئیے گئے ہیں جب کہ  17 شادی ہالز کووارننگ دی گئی ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر 78 ہزار جرمانے کیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، نوٹی فکیشن کے مطابق یونیورسٹی سے ملحقہ کالجز میں بی اے، بی کام اور بی ایس سی کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں، سینٹرز کے بند ہونے کی وجہ سے 12 اکتوبر سے شروع ہونے والے امتحانات نہیں ہوسکیں گے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے جب کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کے لیے نیا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔