پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کا بیان مستردکردیا

  بھارتی وزیر دفاع کا بیان آر ایس ایس-بی جے پی کے خودساختہ نظریے کا پرچار کرنے کی ناکام کوشش ہے،ترجمان دفترخارجہ

  بھارت کو اپنے جارحانہ ایجنڈا ختم کرکے اصلاحی رویہ اپناتے ہوئے پڑوسیوں کے ساتھ تصفیہ طلب تنازعات کا پرامن حل نکالنے پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے

بھارتی وزیردفاع کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے پاکستان اور چین پر اشتعال انگیزی کے الزامات کو غیر ذمہ دارانہ بیان قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے پاکستان اور چین پر جان بوجھ کر بھارت کے ساتھ سرحد میں کشیدگی پھیلانے کے غیرذمہ دارانہ بیان کو پاکستان یکسر مسترد کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان آر ایس ایس-بی جے پی کے خودساختہ نظریے کا پرچار کرنے کی ناکام کوشش ہے اور یہ بھارتی حکومت کا پاکستان کے ساتھ اپنی جارحیت کا اعتراف ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کا پاکستان اور چین کے درمیان طویل اور پائیدار تعلقات کے خلاف پراپیگنڈے کی بھی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی ریاست دہشت گردی اور توسیع پسندانہ اقدامات کا خواہاں ملک کی جانب سے دوسروں کے خلاف اس طرح کے الزامات مضحکہ خیز ہیں۔پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا باخبر ہے کہ آر ایس ایس- بی جے پی حکومت کی سیاسی موقع پرستی نے خطے کے امن، استحکام اور سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ بھارت ہی ہے جو پڑوسیوں کے ساتھ نہ صرف تنازعات پیدا کرتا ہے بلکہ ان کو پرامن حل سے بھی دور کرتا ہے۔دفترخارجہ نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ ہندوتوا کے انتہاپسندانہ نظریات، اکھنڈ بھارت کے تصور کو پھیلانے کے لیے انتہاپسندی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے خطے امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کررہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت کو اپنے جارحانہ ایجنڈا ختم کرکے اصلاحی رویہ اپناتے ہوئے پڑوسیوں کے ساتھ تصفیہ طلب تنازعات کا پرامن حل نکالنے پر سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔قبل ازیں بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان اور چین ایک مشن کے تحت ‘بھارت کے ساتھ’ سرحدی تنازعات’ پیدا کرنے’ پر کام کر رہے ہیں۔