وزیر اعلیٰ پنجاب نے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا
سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر ماضی کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں ، اورنج لائن ٹرین سے عالمی معیار کی سفری سہولیات ملیں گی، عثمان بزدار
 پنجاب حکومت 15 ارب روپے کی سبسڈی دے گی،حکومت اور عوام کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں ،تقریب سے خطاب
لاہور(ویب ڈیسک )وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اورنج لائن ٹرین کا افتتاح کر دیا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کے تحت لاہور میں اورنج لائن میٹر ٹرین چلنے کو تیار ہے ، حکومت پنجاب اور عوام کی طرف سے چین کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں ، پاکستان اور چین کی دوستی بہت پرانی ہے، پاک چین دوستی سمندر سے زیادہ گہری شہد سے زیادہ میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے ۔ یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا منصوبہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ماضی کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے ، سابق حکومت کے چھوڑے ہوئے 1115 ارب کے پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں ۔لاہورکے شہریوں کو ایک اوربڑی سفری سہولت کا آغاز ہوچکا ہے اورشہری اس پر سفر کر سکیں گے۔ عالمی منظر نامے میں تبدیلی کے باوجود پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوئی، سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر ماضی کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں، اورنج لائن ٹرین سے عالمی معیار کی سفری سہولیات ملیں گی، پنجاب حکومت 15 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ تقریب میں سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ اور چینی سفیر بھی موجود تھے ۔اورنج لائن میٹرو ٹرین سے 27 کلومیٹر طویل فاصلہ صرف 45 منٹ میں طے ہو گا،  ٹریک پر 26 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔  علی ٹائون تا ڈیرہ گجراں 27 کلومیٹر روٹ پر 26 سٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں ہرپانچ منٹ کے بعد ٹرین سٹیشن پر آئے گی۔ٹرین پانچ بوگیوں اور ایک یونٹ  پر مشتمل ہے ، مجموعی طور پر ایک روز میں ڈھائی لاکھ مسافر اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے،بجلی سے چلنے والی ٹرین کو 8 گرڈ اسٹیشن بجلی مہیا کریں گے ۔ٹرین کا یکطرفہ کرایہ 40 روپے مقررجبکہ 24 ایلی ویٹیڈ ،2 انڈر گرائونڈ اسٹیشن بنائے گئے۔ ٹرین صبح ساڑھے 7 بجے سے شام ساڑھے 8 بجے تک چلے گی۔ ٹرین میں خواتین، معذور اور بزرگ مسافروں کے لئے علیحدہ نشستیں مخصوص ہوں گی ، یہ منصوبہ 5 سال کے عرصے میں مکمل ہوا ہے۔