ازمیر: (ویب ڈیسک)

ترکی میں زلزلے سے تباہی کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 81 ہوگئی، ریسکیو ٹیموں نے 36 گھنٹے کی کوشش کے بعد 70 سالہ شہری کو ملبے سے زندہ نکال لیا۔

زلزلے کے بعد ازمیر شہر میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ جمعے کے روز آنے والے شدید زلزلے کے بعد ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں امدادی ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہی ہیں۔ حکام نے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔

مختلف حادثات میں 900 سے زائد افراد زخمی ہوئے، زیادہ تر کو مرہم پٹی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا تاہم متعدد افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔ 36 گھنٹے تک ملبے تلے دبے 70 سالہ شخص کو ریسکیو ٹیم نے زندہ نکال لیا۔ ہزاروں افراد خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں جن میں خوارک تقسیم کی جا رہی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ ازمیر کے بہن بھائیوں کے زخم بھرنے کی پوری کوشش کریں گے۔