حسن ابدال (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بڑی دیر کے بعد معیشت اب آگے بڑھ رہی ہے، ایم ایل ون کا معاشی سرگرمیوں میں بہت بڑا ہاتھ ہوگا، خواہش ہے پاکستان وہ ملک بنے جسے قرض نہ لینے پڑیں۔

حسن ابدال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا انگریز کے چھوڑے گئے نظام کو وسیع کرنے کے بجائے کم کر دیا گیا، چین میں سفر کا تیز ترین ذریعہ ٹرین ہے، 9 ارب روپے کی سرمایہ کاری پاکستان میں سب سے زیادہ ہے، ایم ایل ون سے کراچی، لاہور کا سفر 7 گھنٹے کا ہوگا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا حسن ابدال ریلوے سٹیشن 127 سال پرانا ہے، 1521 میں بابا گرونانک یہاں تشریف لائے تھے، سکھوں کیلئے بڑے مہمان خانے بنائے گئے ہیں، سکھ برادری کیلئے رہائش کا بڑا مسئلہ تھا۔ انہوں نے کہا مزدوروں کا ٹیکنیکل الاؤنس بڑھا دیا ہے، ڈرائیورز کے الاؤنس میں بھی اضافہ کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ کورونا کے باعث ٹرین آپریشن 5 ماہ بند رہا۔ ان کا کہنا تھا وزیراعظم صاحب ! بعض لوگوں کو آپ کے لاہور جانے پر بھی تکلیف ہوتی ہے، عمران خان ہر چور اور ڈاکو کے خلاف لڑ رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان عالمی لیڈر بن کر ابھریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم نے حسن ابدال ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا، عمران خان نے بوگیوں میں جدید سہولتوں کا بھی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔