لاہور: (ویب ڈیسک)

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود نے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم مہم کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور قومی اداروں کے وقار پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کے ادارے سب کے لئے قابل احترام ہیں۔ مخصوص ایجنڈے کے تحت اداروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک امر ہے۔ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز عوام کو سروسز فراہم کر رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی اور مالیاتی لحاظ سے خود مختاری دی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے استعمال نہیں ہوں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا اقدام ہے۔ ماضی میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کھوکھلے نعروں سے بہلایا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے ترقی کے نام پر دھوکہ دینے والوں کو عام انتخابات میں بری طرح مسترد کیا۔ تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب میں شاندار مینڈیٹ ملا۔ عوام کے دئیے گئے مینڈیٹ کی لاج رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف مل رہا ہے۔ رکن قومی اسمبلی زین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔