منی لانڈرنگ کیس’ شہبازشریف ،حمزہ اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

شہبازشریف اور حمزہ شہباز نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کر دیا

شہبازشریف کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد ، آئندہ سماعت پر نیب کے گوا ہ شہادتوں کے لیے طلب

لاہور(ویب ڈیسک )لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہبازشریف، حمزہ شہباز  اور دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی  ۔عدالت نے شہبازشریف کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  شہبازشریف اور  حمزہ شہباز نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کر دیا۔لاہور کی احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں عدالت پہنچایا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نیشہبازشریف ، حمزہ شہباز اور دیگرملزمان پر فرد جرم عائد کی۔جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو شہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔فرد جرم عائد کیے جانے کے موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میرے سیاسی مخالفین میرے خلاف سازش کررہے ہیں، میرے خلاف جھوٹے الزامات عائد کیے گئے ہیں، نیب کے تمام الزامات مسترد کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا میں سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں، میرے اوپر جس جس کیس میں فرد جرم عائد کی گئی وہ تمام کیسز بے بنیاد ہیں۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایک طرف آپ کہتے ہیں کہ کیس التوا کا شکار ہے۔ دوسری طرف آپ کہہ رہے ہیں کہ آج فرد جرم عائد نہ کریں۔عدالت نے شہباز شریف کو فرد جرم پر درج سوالوں کے جواب دینے کی ہدایت بھی کی۔ جج نے کہا آپ یہ سوالنامہ بیشک لے جائیں سکون سے بیٹھ کر اپنا جواب دے دیجیے گا۔ آپ کے انکار کی کاپی جمع کروا دیں تاکہ معمول کی کارروائی کا آغاز ہو۔منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں جبکہ شہبازشریف اور ان کے دیگر اہلخانہ کے خلاف نیب تمام قانونی تقاضے پورے کر رہا ہے۔نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کے خلاف اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر انکوائری شروع کی۔شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں نے 9 انڈسٹریل یونٹس سے 10 برسوں میں اربوں کے اثاثے بنائے۔تحقیقات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے فرنٹ مین، ملازمین اور منی چینجرز کے ذریعے اربوں روپے کے اثاثے بنائے اور متعدد بے نامی اکانٹس سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ جیل حکام کی جانب سے  قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز  کی پیشی کے  موقع پر  مسلم لیگ (ن)لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کارکنوں نے شہباز شریف کو لانے والی گاڑی پر چڑھنے کی کوشش کی، جس پر پولیس اور کارکنوں میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

#/S