کراچی (ویب ڈیسک)

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الثانی 1442 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، یکم ربیع الثانی منگل 17 نومبر کو ہوگی۔

آج مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت محکمہ موسمیات  کے دفتر (میٹ کمپلیکس) موسمیات چورنگی، یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔ زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی سے مولانا حافظ محمد سلفی، قاری نذیر احمد نعیمی، قاری محمد اقبال، مولانا محمد صابر نورانی، ڈپٹی چیف منیجر اسپیس اینڈ سائنس غلام مرتضیٰ نے شرکت کی۔

محکمہ موسمیات سے محمد ندیم فیصل (ڈائرکٹر CDPC) نے اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام سہولتیں فراہم کیں۔ علامہ سید علی کرار نقوی لاہور اجلاس میں شریک ہوئے۔ پاکستان بھر میں صوبائی و ضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کواٹرز پر منعقد ہوئے.

مفتی منیب نے اعلان  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں کہیں مطلع ابر آلود، کہیں گرد آلود اور کہیں صاف تھا، کراچی، بٹل، صوابی، کوہاٹ اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں کثیر تعداد میں موصول ہوئیں، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ  یکم ربیع الثانی منگل کو ہوگی۔