کراچی (ویب ڈیسک)

کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر کراچی کے تمام اضلاع میں اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

شہر قائد کے 4 اضلاع میں اسمارٹ جبکہ 2 اضلاع میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔

کمشنر کراچی افتخار شلوانی کی زیر صدارت ڈی سیز اور ڈی ایچ او ز کا اجلاس ہوا ہے، جس میں سیکریٹری ہیلتھ کاظم جتونی نے بھی شرکت کی۔

افتخار شلوانی کے مطابق شہر کے جنوبی، شرقی، وسطی اور غربی کے ڈپٹی کمشنرز اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کل جاری کردیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ضلع کورنگی اور ملیر میں مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔

کمشنر کراچی نے یہ بھی کہا کہ اسمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کے حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ہیلتھ افسران سے مشاورت کرلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز آج یا کل تک اسمارٹ اور مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیں۔

کمشنر کراچی کے مطابق مائیکرو لاک ڈاؤن میں محکمہ صحت کی سفارش پر مخصوص گلیاں، علاقے یا محلے سیل ہوں گے۔