روجھان مزاری قبیلے کے سردارشیرباز خان مزاری انتقال کرگئے

نماز جنازہ آج انکے آبائی شہر روجھان میں ادا کی جائیگی

کراچی (ویب ڈیسک )معروف سیاستدان وسابق نگراں وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری کے بھائی سردار شیرباز خان مزاری 90 سال کی عمر میں ہفتہ کو کراچی میں انتقال کرگئے،خاندانی ذرائع کے مطابق شیر باز خان مزاری دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ ان کی نماز جنازہ آج( اتوارکو) انکے آبائی شہر روجھان میں ادا کی جائیگی۔شیر باز خان مزاری بلوچستان کی سرحد کے قریب پنجاب میں واقع روجھان مزاری قبیلے کے سردار تھے۔وہ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی (این ڈی پی) کے بانی تھے، مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا سبب بننے والے 1970 کے انتخابات میں شیر باز خان مزاری نے آزاد امیدوار کے طور پر شرکت کی تھی ۔وہ مشرقی پاکستان میں فوجی کارروائی کی مخالفت کرنے والوں میں شامل تھے۔ سردار شیرباز مزاری 6 اکتوبر  1930 کو روجھان سٹی میں پیدا ہوئے ،انہوں نے ابتدائی تعلیم ڈیرہ دون انڈیا میں اور اعلی تعلیم ایچی سن کالج لاہور سے حاصل کی۔شیر باز خان مزاری نے اپنے سیاسی کیریر کا آغاز 1970 سے کیا۔وہ دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے،انہوں نے 1975 سے 1977 تک قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔انہوں نے 1973 کے آئین کی تیاری اور بعد ازاں جمہوریت کی بحالی کی تحریک کے دوران اہم کردار ادا کیا تھا۔حالیہ دنوں وہ بڑھاپے کی وجہ سے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے رہے تھے۔شیر باز خان مزاری مرحوم بلوچ قوم پرست رہنما اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب اکبر بگٹی کے بہنوئی بھی تھے۔سردار شیر باز خان مزاری کافی عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ انہوں نے سوگواران میں بیوہ سمیت 5 بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ آج( اتوارکو) انکے آبائی شہر روجھان میں ادا کی جائیگی، انہیں روجھان میں واقع آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔میر شیر باز خان مزاری کے اہلخانہ کے مطابق ان کی میت آبائی علاقے روجھان مزاری منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہے۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ میر شیر باز خان مزاری کی نمازہ جنازہ روجھان مزاری میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین روجھان مزاری کے آبائی قبرستان میں کی جائے گی۔