پاکستان کیلئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، پاکستانیوں کو  واپس بھی نہیں بھیجا جارہا۔سعودی سفیر

پشاور،اسلا م آباد(ویب ڈیسک ) سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کیلئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس بھی نہیں بھیجا جارہا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ سلمان کے فلاحی امدادی ادارہ برائے پاکستان کے زیر اہتمام ونٹر ریلیف پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کے لئے ویزا پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیجا جارہا، صرف ان لوگوں کو واپس بھیجا جاتا ہے جن کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہیں، صرف پاکستانی نہیں کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ہوں ان کے لئے قانون ایک ہی ہے، اقامہ اور ویزا رکھنے والوں کو واپس نہیں بھیجا جاتا۔سعودی سفیرکا کہنا تھا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی طرف سے موسم سرما کا ریلیف پیکج تقسیم کیا جارہا ہے جس میں سرد علاقوں کے مستحقین کو گرم کپڑے تقسیم کئے جائیں گے، یہ تقریب پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بہترین تعلقات کا عکاس ہے۔ ہر طرح کے حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں، دونوں ممالک کندھے سے کندھا ملاکر کام کرتے رہیں گے۔اس سے قبل پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے  اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانیکے حوالے  سے تبادلہ  خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے وسیع تر مواقع موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کئی دہائیوں سے مقیم ہے جو سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردارادا کررہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے بارے میں پاکستان کی قرارداد کی حمایت کرنے پر سعودی وزیرخارجہ او ر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ نیامے اعلامیے میں اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر سے متعلق اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرنا لائحق تحسین ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خلیجی خطے میں مسائل کے پرامن حل کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے