اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی حکومت کا نجی تعلیمی اداروں کو ریلیف دینے کا بڑا فیصلہ، کم فیس والے پرائیویٹ سکولوں کو بلاسود قرضے دینے، رجسٹریشن میں ایک سال کی توسیع، فیڈرل بورڈ میں داخلہ جات بھجوانے کی آخری تاریخ میں اضافہ جبکہ ہفتہ میں ایک دن بچوں کو سکولوں میں بلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

یہ فیصلہ گزشتہ روز نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ ایسوسی ایشنز کے وفد کی وفاقی سیکرٹری تعلیم فرح حامد سے ملاقات کے موقع پر کیا گیا، چیئر پرسن پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) ضیا بتول بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ وفد میں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین، پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ارشد محمود، نیشنل ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکولز(نپس) کے صدر چودھری عبیداللہ، ڈاکٹر افراہیم ستی، ملک عمران بھی شامل تھے۔

ملک ابرار حسین نے واضح کیا کہ 11 جنوری کے بعد حکومت کے فیصلے کے مطابق تمام تعلیمی ادارے مکمل کھول دیئے جائیں گے اور مزید بندش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔