کراچی (ویب ڈیسک)

فائر کئے گئے میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا
پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے،نیول چیف

پاکستان نیوی کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلز کی فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا، اور اس مظاہرے کا چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بھی مشاہدہ کیا۔ترجمان کے مطابق فائر کئے گئے میزائلوں نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا، فائرنگ کا شاندار مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور حربی تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پرمکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، ہمارے جوان اور آفیسرز ملکی سمندری سرحدوں اور بحری اثاثوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔