استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے ،عثمان بزدار

الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانوں میں جھانکیں،بیان

لاہور(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام نے اپوزیشن کی بے مقصد ریلیوں کی منفی سیاست کو یکسر رد کر دیا، اپوزیشن والے کبھی بھی اسمبلیوں سے استعفیٰ نہیں دینگے، استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑ چکی ہے، اپوزیشن عوامی مینڈیٹ کا احترام نہ کر کے جمہوری اقدار کی توہین کر رہی ہے، الزامات لگانے والے پہلے اپنے کرپشن آلود گریبانوں میں جھانکیں، مسترد شدہ عناصر محض اپنا سیاسی قد بڑھانے کیلئے تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عملا اقدامات کئے، وزیراعظم عمران خان کی صورت میں پاکستان کو کھرا اور مخلص لیڈر ملا ہے، ڈھائی برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں، صوبے میں ون مین شو کا خاتمہ کیا ہے، ترقیاتی منصوبے عوامی نمائندوں کی مشاورت سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔