ملک بھر میں نویں سے12ویں تک تعلیمی ادارے 18جنوری سے کھولنے کا اعلان

 پہلی سے آٹھویں کلاس تک اسکول 25جنوری کی بجائے یکم فروری کو کھلیں گے، شفقت محمود

 اعلیٰ تعلیمی دارے سابقہ اعلان کے مطابق یکم فروری کو ہی کھلیں گے، وفاقی وزیرتعلیم کی پریس کانفرنس

اسلام آباد (ویب ڈیسک )وزیر برائے وفاقی تعلیم، پیشہ وارانہ تربیت ، ثقافتی ورثہ وکلچر شفقت محمود نے نویں کلاس سے12ویں کلاس تک ملک بھر میں تعلیمی ادارے 18جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پہلی سے آٹھویں تک اسکول 25جنوری کی بجائے یکم فروری کو کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ اعلیٰ تعلیمی دارے سابقہ اعلان کے مطابق یکم فروری کو ہی کھلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار شفقت محمود نے صوبائی وزائے تعلیم کانفرنس کی صدارت کرنے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالہ سے آگاہ کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 15ستمبر کو ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ سارے تعلیمی ادارے کھول دیئے جائیں اس وقت کوروناوائرس کی بیماری لگنے کی شرح1.9فیصد تھی ، اس وقت ملک بھر میں 570کے قریب تشویشناک حالت میں مریض موجود تھے اور روز پانچ اموات ہو رہی تھیں اور روزانہ کوروناوائرس کے600کے قریب کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔ جب ہم نے26نومبر کو فیصلہ کیا کہ تعلیمی ادارے بند کردیئے جائیں تو اس وقت کوروناوائرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح1.9سے بڑھ کر 7.14تک پہنچ گئی تھی، تشویشناک حالت میں موجود کوروناوائرس کے مریضوں کی تعداد570سے بڑھ کر1958تک پہنچ گئی تھی اور روزانہ اموات کی تعداد پانچ سے بڑھ کر46ہو گئی تھیں اور روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد600سے بڑھ کر تین ہزار تک پہنچ گئے تھے۔اس کے بعد ہم نے تعلیمی ادارے بند کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے ماہرین نے بتایا کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کا واضح اثر انفیکشن کی شرح پر پڑتا ہے۔ اس وقت کوروناوائرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح6.10ہے یعنی کہ7.14سے کم ہو کر 6.10پر آئی ہے لیکن ابھی بھی نسبتاً زیادہ ہے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گزشتہ آٹھ یا نو ماہ میں تعلیم کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن ہم نے صحت کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نویں سے12ویں تک کلاسز کے امتحانات ہونے ہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس سال بغیر امتحان کسی بچے کو پاس نہیں کیا جائے گا اس لئے ضروری ہے جن طلباء نے امتحان دینا ہے ان کی تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے اعلان کردہ فیصلے کے مطابق نویں سے12ویں تک کلاسز 18جنوری کو کھل جائیں گی اور ان کی تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا۔