پی ا یچ ڈی کیلئے ایم ایس اورایم فل کی شرط ختم کردی ہے ، چیئرمین ایچ ای سی

پی ایچ ڈی میں بہت شکایتیں آرہی تھیں تاہم ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے لئے جامعات کو سختی سے عمل کرنا ہوگا،پریس کانفرنس

اسلام آباد( ویب  نیوز)چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ( ایچ ای سی) طارق بنوری نے کہاہے کہ پی ایچ ڈی میں ایم ایس اور ایم فل کی شرط ختم کردی ہے اوربی ایس کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلہ لے سکتے ہیں۔بدھ کواسلام آباد میں چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انڈرگریجویٹ اورایم فل کی پالیسی کے بارے آگاہ کیا۔ ا نہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت ڈگری کی قدر پرشکوک وشبہات ہیں، تعلیم کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ جو کام کریں وہ کامیاب ہو۔پی ایچ ڈی سے متعلق چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے کہا کہ پی ایچ ڈی میں بہت زیادہ شکایتیں آرہی تھیں تاہم اب ڈاکٹریٹ کی تعلیم کے لئے جامعات کو سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ چیئرمین ایچ ای سی طارق بنوری نے واضح کیا کہ 16سال کی تعلیم کے بعد پی ایچ ڈی میں داخلہ لیا جا سکتا ہے،پی ایچ ڈی میں ایم ایس اور ایم فل کی شرط ختم کردی ہے اوربی ایس کے بعد براہ راست پی ایچ ڈی میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سے نکلنے کے بعدطلبہ کونوکری کی تلاش میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ لوگوں کو پہلی تشویش یہ ہوتی تھی کہ ڈگری کی تعلیم میں پریکٹیکل کچھ نہیں ہوتا تھا تاہم اب ڈگری میں پریکٹیکل نصاب کو بھی شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی جامعات پر لازم کیا گیا ہے کہ وہ طلبہ کو انٹرن شپس کرائیں اور غیرنصابی سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کوانٹرپنرورشپ کی تعلیم بھی دی جانا چاہئے جس میں پریکٹیکل ورک کی شرط لازمی قرار دے دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سوشل سائنسز کے کورسزہرڈگری میں شامل کئے جائیں گے۔ پہلے کی  بی اے اوربی ایس سی کی ڈگری کا نام ایسوسی ایٹ ڈگری ہے جبکہ ایسوسی ایٹ ڈگری بی اے اور بی ایس سی کا متبادل راستہ ہے۔