Qamar Bajwa

آرمی چیف جنرل باجوہ کی امیر قطر سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں

ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی ، دفاعی اورسکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا

آرمی چیف نے احمد بن محمد ملٹری کالج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا

راولپنڈی (ویب  نیوز) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے امیر قطرشیخ تمیم بن حماد الثانی سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں ، باہمی دلچسپی اور سکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے احمد بن محمد ملٹری کالج کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کا مشاہدہ کیا اورپاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹ کی تربیت کے معیارکی تعریف کی۔آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے امیرقطرشیخ تمیم بن حماد الثانی، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ)غنیم بن شاہین سمیت عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی ، دفاعی اورسکیورٹی تعاون پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں کے دوران علاقائی جیو پولیٹیکل صورتحال پر بھی بات ہوئی۔آئی ایس پی آرکے مطابق قطری قیادت کی طرف سے باہمی اسٹریٹجک نوعیت کے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقاتوں میں مسلح افواج کے مابین دفاعی تعاون اورتعلقات پر اطمینان کا اظہار سمیت دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پرزوردیا گیا۔