SG gives press con
 انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے، لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کی جائے۔اقوام متحدہ
 ہندوستان اور پاکستان میں کسی بھی طرح کا فوجی تصادم پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث ہوگا
 اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے گیوتیرس
نیویاتک(ویب نیوز )اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گیوتیرس نے کہا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ہندوستان اور پاکستان مل کر اپنے مسائل پر سنجیدگی سے بات چیت کرنے کے قابل ہو جائیں۔کے پی آئی  کے مطابق  میڈیا سے بات چیت کے دوران کشمیر پر سوال کے جواب میں  انتونیو گیوتیرس نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان میں کسی بھی طرح کا فوجی تصادم دونوں ممالک اور پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث ہوگا۔اقوام متحدہ  کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ متنازعہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم ہونی چاہیے۔ انتونیو گیوتیرس  نے5 اگست 2019  کے بھارتی اقدام سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی بیان جاری کیا تھا ۔ انہوں نے پاکستان بھارت سے  صبر وتحمل کی اپیل کی تھی ۔جمعرات کو پریس بریفنگ کے دوران ، سکریٹری جنرل انتونیو گیوتیرس نے کہا میرے خیال میں دونوں ممالک کے لئے اپنے مسائل پر سنجیدگی سے بات چیت کے قابل ہونا ضروری ہے۔ جن خطوں کا ذکر کیا گیاہے ان  میں انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر مسائل کے پرامن حل میں مدد دینے  اور ثالثی کے لیے موجود ہیں۔ ان مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں ہے ،کسی بھی طرح کا فوجی تصادم دونوں ممالک اور پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ 8 اگست ، 2019 کے اپنے بیان پر قائم ہیں ، جس میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسئلہ کشمیر  حل ہونا چاہیے ۔