پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمیئن شپ 2021ء کا ساتواں روز

سرگودھا اور ملتان ڈویژنزفاتح، بہاولپور اور ساہیوال ، لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز کے درمیان میچز برابر

سرگودھا ڈویژن نے راولپنڈی ڈویژن کو 5-0 اور  ملتان ڈویژن نے گوجرانوالہ ڈویژن کو 2-1سے شکست دی

چیمیئن شپ میںشاندار مقابلے ہورہے ہیں، سرگودھا ، لاہور،فیصل آباد اور بہاولپور ڈویژنز ٹاپ پر ہیں،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ

لاہور (ویب  نیوز) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمیئن شپ 2021ء کے ساتویں روز بھی مقابلے جاری رہے، اتوار کو ہونیوالے مقابلوں میں سرگودھا ڈویژن اور ملتان ڈویژن فاتح رہے ، بہاولپور ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن ، لاہور ڈویژن اور فیصل آباد ڈویژن کے درمیان میچز برابر رہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمیئن شپ 2021ء میںشاندار مقابلے ہورہے ہیں، چیمئپن شپ میں اب تک سرگودھا ڈویژن، لاہور ڈویژن،فیصل آباد ڈویژن اور بہاولپورڈویژن کی ٹیمیں ٹاپ پر ہیں، کھلاڑیوں کاٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، بہترین کھلاڑیوں کا ڈیٹا مرتب کررہے ہیں جن کو مزید تربیت دی جائے گی۔ پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ہاکی چیمیئن شپ 2021ء کے ساتویں روز پہلے میچ میں سرگودھا ڈویژن نے راولپنڈی ڈویژن کو 5-0 سے ہرایا، سرگودھا کی جانب سے کپتان رانا شعیب نے 2، ابرار ارشاد ، صاحب الحسن، صبیح رضا نے ایک، ایک گول کیا، دوسرا میچ بہاولپور ڈویژن اور ساہیوال ڈویژنز کے درمیان کھیلا گیا جو 3-3گول سے برابر رہا، بہاولپور کی جانب سے ارسل نصیر، عبصر بن رئوف اور علی رضا جبکہ ساہیوال ڈویژن کی جانب سے راجہ ارمان نے 2 اور محمد احمرنے ایک گول کیا، تیسرا میچ لاہور ڈویژن اور فیصل آباد ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا جو ایک، ایک گول سے برابر رہا، لاہور ڈویژن کی جانب سے کپتان حنان شاہد نے ایک گول کیا جبکہ فیصل آباد کی جانب سے عبداللہ صدیقی نے ایک گول کیا، ملتان ڈویژن نے گوجرانوالہ ڈویژن کو 2-1سے شکست دی، ملتان ڈویژن کی جانب سے عثمان افتخار اور محمد مغیرہ نے ایک ، ایک گول کیا، گوجرانوالہ ڈویژن کی جانب سے واحد گول ثاقب علی نے کیا۔