خواجہ سرا کو لیکچرار کی نشست کیلئے امتحان میں بیٹھے کی اجازت دینے کا فیصلہ جاری

خواجہ سرا کے حقوق برابر لیکن  ایسا سلوک ہوتا ہے جیسے وہ کسی گنتی میں ہی نہیں، عدالت

لاہور(ویب  نیوز) خواجہ سرا کو لیکچرار کی نشست کیلئے امتحان میں بیٹھے کی اجازت دینے کا فیصلہ جاری کردیا گیا ۔ ۔ ہفتہ کو  لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ سرا کو لیکچرار کی نشست کیلئے امتحان میں بیٹھے کی اجازت دینے سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔ جسٹس فیصل زمان خان نے کہا کہ خواجہ سرا فیاض اللہ کے ساتھ جو ہوا وہ مایوس کن ہے۔ عدالت نے کہا کہ خواجہ سرا کے حقوق برابر ہیں، لیکن ان سے ایسا سلوک ہوتا ہے جیسے وہ کسی گنتی میں ہی نہیں۔ خواجہ سرا کی حالت زار کا اندازہ لگائیں جو سب سے پہلے شناختی کارڈ پر خواجہ سرا لکھواتا ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ خواجہ سرا نے ایم اے کرتے وقت سوچا ہوگا کہ وہ دوسروں کیلئے مثال بنے گا، لیکن حقیقت الٹ ہے۔ ابتدا میں ہی خواجہ سرا کو برے طریقے سے باہر کر دیا گیا کہ یہ پوسٹ مرد اور خواتین کیلئے ہے، خواجہ سرا کیلئے نہیں۔ ہمارے جیسے معاشرے میں بھی خواجہ سرا کے حقوق کو عدالتوں نے تسلیم کیا۔ پبلک سروس کمیشن فیاض اللہ کا فارم وصول کرے اور اسے امتحان میں بیٹھنے دے۔اس موقع پر جسٹس فیصل نے ریمارکس دئیے کہ مجھے یقین ہے کہ اسی شناخت کی وجہ سے اس نے تعلیمی اداروں میں مشکلات جھیلی ہوں گی۔