اسرائیلی فوج کی غنڈی گردی ‘مسجد اقصی میں نماز ادا کرتے3 فلسطینی گرفتار

درجنوں اسرائیلی فوجیوں نے مسجد اقصی پر دھاوے بولے اور نمازیوں کو ہراساں کیا

مقبوضہ بیت المقدس(ویب  نیوز)قابض صہیونی فوج نے وحشیانہ غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبلہ اول میں گھس کر وہاں پرنماز ادا کرنے والے تین فلسطینی نوجوانوں کو اغوا کرلیا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کی بھاری نفری مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والے فلسطینیوںکی شناخت کی آڑ میں مسجد میں مصلی القبلی کے مقام میں داخل ہوئی اور وہاں پر نماز ادا کرنے والے تین فلسطینیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ درجنوں اسرائیلی فوجیوںنے مسجد اقصی پر اشتعال انگیزی دھاوے بولے اور نمازیوں کو ہراساں کیا۔حالیہ ایام میں مسجد اقصی میں نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں اور القدس کے تمام باشندوں کے خلاف صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ قبلہ اول میں عبادت اور نماز کے لیے آنے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرکے انہیں حراستی مرکز میں بدترین اذیتوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس مکروہ حربے کا مقصد القدس کے باشندوں کو قبلہ اول سے دور کرنا اور حرم قدسی میں یہودی شرپسندوں کا داخلہ آسان بنانا ہے۔صہیونی دشمن کی طرف سے نہ صرف القدس کے باشندوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے بلکہ مسجد اقصی میں نماز کی ادائی کی سزا کے طور پرانہیں کئی کئی ماہ کے لیے مسجد سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔