پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد

حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی،وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں  اضافے کی آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی،اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں14.07رو پے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13.61 روپے فی لیٹر اضافہ کی تجویزتھی ،مٹی کے تیل کی قیمت میں 10.79روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی۔ اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 7.43 روپے اضافہ تجویز کیا تھا۔ عوامی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہو ئے وزیر اعظم نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز منظور نہیں کی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے ہر حد تک جائے گی۔اس سے قبل حکومت ڈھائی ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات مسلسل 5 بار مہنگا کرچکی ہے۔ یکم دسمبر سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات 16 روپے 37 پیسے تک مہنگی کی جاچکی ہیں۔ اسی عرصے میں پیٹرول 11 روپے 21 پیسے فی لٹر پہلے مہنگا کیا گیا۔یکم دسمبر سے اب تک ہائی اسپیڈ ڈیزل 14 روپے 64 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جا چکا ہے۔ اسی عرصے میں مٹی کا تیل 14 روپے 90 پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا۔ ڈھائی ماہ میں لائٹ ڈیزل 16 روپے 37 پیسے فی لٹر مہنگا کیا جاچکا ہے۔