بھارت میں کسان مودی حکومت کے خلاف ڈٹ گئے، 6 مارچ کو ایم پی ایکسپریس وے کو جام کرنے کااعلان
انتخابی ریاستوں میں بی جے پی کی مخالفت و  بنگال میں 12 مارچ کو زبردست ریلی نکالنے کا فیصلہ

نئی دہلی (ویب  نیوز) بھارت میں کسان تنظیمیں ایک بار پھر مودی حکومت کے خلاف اپنی تحریک تیز کررہی ہیں۔ اس سلسلے میں ، متحدہ کسان مورچہ نے  ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے مطابق ، 6 مارچ کو کسان ایم پی ایکسپریس وے کو جام کردیں گے۔ بنگال میں 12 مارچ کو کسانوں کی ایک بہت بڑی ریلی ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق  اس کے علاوہ متحدہ کسان مورچہ بنگال سمیت ان تمام ریاستوں میں بی جے پی کی مخالفت کرے گا جہاں کچھ وقت کے بعد انتخابات ہونے ہیں۔کسانوں کا جھگڑا مودی حکومت کے ساتھ جاری ہے۔ کچھ دن پہلے متحدہ کسان مورچہ کے رہنماں کو دہلی پولیس کی جانب سے نوٹس دیئے گئے تھے۔ اس پر ، مشترکہ کسان مورچہ نے مختلف کسان تنظیموں اور ان کے رہنماوں کی جانب سے دہلی کے کمشنر پولیس آفس کے نوٹسوں پر جواب بھجوایا تھا۔