مہنگائی کی بعض وجوہات  پر ہمارا کنٹرول نہیں، سینیٹر شبلی فراز
پی ڈی ایم کرپشن کی نمائندگی کررہی ہے
وزیر اطلاعات کی میڈیا سے بات چیت

اسلام آباد (ویب  نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہنگائی کی بعض  وجوہات پر ہمارا کنٹرول نہیں، وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف جہاد کا اعلان کردیا ہے متوسط اور غریب طبقے کو ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جائے گی,  پی ڈی ایم کرپشن کی نمائندگی کررہی ہے ۔اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا ملک میں معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے اور مہنگائی کی وجوہات مختلف ہیں لیکن اس میں کچھ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے۔بعض چیزیں بر آمد کی جاتیں ہیں اس کے باوجود ٹارگیٹڈ سبسڈی دیں گے تاکہ صاحب ثروت کے بجائے مستحق افراد کو فائدہ پہنچے۔سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ مہنگائی کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے 3 ماہ قبل کام شروع ہوا تھا بہت جلد اس کے ثمرات دیکھیں گے۔ہماری جماعت جن قوتوں کے ساتھ کرپشن کے خاتمے کے لیے جنگ میں مصروف ہے اس کی نمائندگی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کررہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ قوتیں ہیں جنہوں نے اس ملک کی اخلاقیات کو تباہ و برباد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، جمہوری پارٹی ہیاور صرف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیات کی ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ قومی اسمبلی سے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ ملنے سے پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دراصل ان جماعتوں کی نمائندہ تنظیم ہے جنہوں نے اپنے مفادات کو ہمیشہ اولین اہمیت دی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کیسے اپنے مفادات کے خلاف قانون سازی کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے سیاست کو کاروبار کے فروغ کے لیے استعمال کیا اس طرح عوام کی حالت بہتر نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن رہنماں کی جائیدادوں میں اربوں روپے اضافہ ہوا۔ شبلی فراز نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے مسلم لیگ (ن) و  پیپلز پارٹی محض ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے جبکہ ماضی میں اس کی نمائندگی چاروں صوبوں میں تھی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تمام صوبوں میں نمائندگی ہے اس کی بنیادی وجہ نظریہ ہے جس پر ہم قائم رہے اور وہ کرپشن کے خلاف اور انصاف کی ترقی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اب اپوزیشن جماعتوں کا ضمیر نہیں رہا جس کی ایک حالیہ مثال یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی ویڈیو منظر عام پر آنے سے ملتی ہے۔