مولانا فضل الرحمن کا یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے امیدوار نامزد کرنے کا اعلان
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اپوزیشن لیڈر کا اعلان بعد میں کیا جائے گا

اسلام آباد(ویب  نیوز) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کیلئے اتحاد کا متفقہ امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کردیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے غنڈوں نے لیگی رہنماؤں پر حملہ کیا سیاسی رہنماؤں کی توہین و تذلیل کرنے کی کوشش کی گئی جو افسوسناک بات ہے کہ خواتین کے آنچل تار تار کرنے کی کوشش کی انتہائی قابل نفرت واقعہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر جس طرح کا کلچر فروغ دیا گیا ہے جس طرح ان کی قیادت اپنے اخلاق و اطوار اپنے کارکنوں میں منتقل کررہی ہے یہ اس کا مظاہرہ تھا۔ اجلاس نے اس کا نوٹس لیا اور اسے حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ پی ڈی ایم اعلان کرچکا ہے کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا ہوگا اور ملک کے تمام علاقوں کے کونے کونے سے قافلے روانہ ہوں گے۔ اجلاس میں 26 مارچ کو لانگ مارچ کے آغاز کا اعادہ کیا گیا۔ پوری قوم سے اپیل کی گئی ہے کہ ملک سے اس غیر آئینی اور غیر جمہوری حکومت کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کرے۔30تاریخ تک یہ قافلے منزل مقصود پر پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ لانگ مارچ کے یہاں قیام کی حکمت عملی کیلئے 15 مارچ کو سربراہی اجلاس ہوگا جس میں تفصیلات واضح کی جائیں گی۔