جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں تین روزہ فوڈ و میوزک فیسٹیول کاآغاز
فیسٹیولز منعقد کر کے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر بحال کیا جا سکتا ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے میڈیا سنیفرز انٹرنیشنل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور الیون پروڈکشنز کے تعاون سے جناح کنونشن سنٹر، اسلام آباد میں ایک تین روزہ فوڈ اینڈ میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا جس کا باقاعدہ افتتاح آئی سی سی آئی کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک پروقار تقریب میں کیا۔ فیسٹیول کا انعقاد کورونا وائرس کے لئے طے کردہ ایس او پیز پر عمل کرکے کیا گیا ہے۔
اس فیسٹیول میں کو عوام کو کھانے کے مختلف ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے 60 سے زائد فوڈ اسٹالز لگائے گئے ہیں۔فیسٹیول میں متعدد سرکاری عہدیدارن سمیت معززین اور عوام شرکت کریں گے جبکہ ابرار الحق، بلال سعید، مصطفی زاہد اور امانت علی سمیت مشہور گلوکار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔ اس کے علاوہ صوفی نائٹ میں سائین ظہور، تحسین سکینہ اور غلام عباس بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ فیسٹیولز کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں لہذا ان کا انعقاد کر کے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر انداز میں بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پوری قوم کو ایک مشکل دور سے گزرنا پڑا کیونکہ عوام کی تفریح کیلئے تمام سرگرمیاں تعطل کا شکار ہو گئی تھیں۔ لہذا چیمبر نے اپنے پارٹنرز کے اشتراک سے فیوڈو میوزک فیسٹیول منعقد کرنے کا پروگرام بنایا تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائے جہاں وہ ٹینشن سے آزاد ہو کر ایک خوشگوار ماحول میں خوشی کے لمحات سے لطف اندوز ہو سکیں اور آپس کے روابط کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے اور اس طرح کے ایونٹس سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مثبت کردار ادا کرتے ہیں جبکہ عوامی روابط کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سافٹ امیج کو بھی فروغ دیتے ہیں۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ کروناوائرس کے کیسوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو رہا ہے تاہم فیسٹیول کے منتظمین نے وزیٹرز کی صحت کی حفاظت کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اپنائی ہوئی ہیں۔انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر آئی سی سی آئی وفاقی دارالحکومت میں مزید ایسے ایونٹس منعقد کرے گا جن سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے تاکہ کروناوائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور پابندیوں کے باعث جو کاروبار بہت متاثر ہوئے ہیں وہ اپنے نقصانات کا کچھ ازالہ کر سکیں۔
انہوں نے چیمبر کے ساتھ مل کر فوڈ و میوزک فیسٹیول منعقد کرنے پر سنیفرز انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ اور الیون پروڈکشنز کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی چیمبر کے ساتھ مل کر مزید ایسے ایونٹس منعقد کریں گے۔