مقبوضہ   کشمیر میں بھارتی فوجی کارروائی میں حریت پسند کمانڈر سجاد افغانی شہید
بھارتی فوج نے مظاہرین پر پیلٹ گن سے فائرنگ کر دی ، پانچ زخمی ہوگئے
فوج نے تین مکانوں میں آگ لگادی ، گھر اورکروڑوں روپے کا سامان خاکستر

سری نگر(ویب نیوز )مقبوضہ     کشمیر میں بھارتی فوجی کارروائی میں حریت پسند کمانڈر سجاد افغانی بھی شہید ہوگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں کی تعداد  دو ہو گئی ہے ۔ شوپیان ضلع کے راولپورہ گاوں میں  بھارتی فوج کا آپریشن  پیر کو مسلسل تیسرے روز بھی جاری رہا ۔ مقبوضہ کشمیر پولیس نے ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ راولپورہ حریت پسندوں اور بھارتی فوج میں جھڑپ ہوئی ہے ۔  پیر کے روز جیش محمد نامی تنظیم کے کمانڈرر ولایت حمید، عرف سجاد افغانی مارے گئے ہیں۔ اس سے قبل  اتوار کو مقامی نوجوان جہانگیر احمد ساکن ناڑہ پورہ ، شوپیان  شہید ہو گیا تھا۔کے پی آئی  کے مطابق راولپورہ  میں شہادتوںپر مشتعل شہری بھارتی فوج کا محاصرہ  توڑ کر گھروں سے باہر نکل آئے اور زبرست احتجاج کیا ۔ بھارتی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے  کے لیے پیلٹ گن سے  فائرنگ کر دی  جس کے نتیجے میں5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک نوجوان نذیر احمد وانی سمیت تین  افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگے  انہیں سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ضلع شوپیان میں  پیر کو بھی انٹرنیٹ سروسز بند رہیں۔بھارتی فوج نے  اتوار کو جہانگیر احمد وانی ولد محمد عبداللہ وانی ساکن نارہ پورہ شوپیان کو گولی مار کر شہید کر دیا  تھا فورسز اہلکاروں نے شمیم احمد لون، غلام محمد لون اور فاروق احمد میر کے تین رہائشی مکانوں میں آگ لگادی جسکی وجہ سے تینوں مکان راکھ کے ڈھیر بن گئے اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوا۔ بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اسلحہ اور گولہ بارود سمیت امریکی ساخت M4 کاربائن رائفل  برآمد ہوئی ہے کرالہ پورہ بڈگام  اور بٹھنور ترال گائوں کو فورسزنے محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشیاں لیں۔