کراچی (ویب ڈیسک)

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے کہا  ہے کہ پی آئی اے حفاظتی امور کو اولین ترجیح دیتی ہے اور حفاظتی امور میں مزید بہتری کے لئے مسلسل اقدامات کئے جاتے ہیں۔  انہوں نے کہا سیفٹی کی لاپرواہی کے بہت بڑی قیمت ہے جو ادا کرنی پڑتی ہے۔ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پی آئی اے سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام کام کے دوران حفاظتی امور اختیار کرنے کے متعلق آگاہی کے لئے سیفٹی ویک کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق سیفٹی ویک  میں محفوظ و صحتمند ماحول   (Health, Safety & Environment)سے متعلق آگہی،  فائر سیفٹی ٹریننگ سیشنز اور کام کے دوران اختیار کیے جانے والے حفاظتی طریقہ کار بھی شامل ہیں۔ سیفٹی ویک میں خاص طور پر  پیسنجر ہینڈلنگ سروسز، ٹیکنیکل گراؤنڈ سپورٹ، کارگو،  انجینئرنگ اینڈ مینٹیننس اور میڈیکل سروسز  کے کارکنان  حصہ  لیں گے۔ اس کے علاوہ سا فا سے متعلق  ایک آگاہی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔ترجمان نے مذید بتایا کہ سیفٹی ویک کے دوران آگ بجھانے اور اس سے متعلق حفاظتی ڈرل، اور سیفٹی آگاہی کے حوالے سے ایک واک  بھی منعقد کی جائے گی۔سیفٹی ویک میں سی ای او پی آئی اے کے مشیر، اے وی ایم عامر حیات، کیپٹن محسن اوصاف، چیف آف انجینئرنگ عامر علی، چیف کمرشل آفیسر علی طاہر قاسم، چیف انفارمیسن آفیسر خالد برلاس، پیسنجر ہینڈلنگ سروسز کے سینئر عہدیدار اور ائرلاین  کارکنان سیفٹی ویک  میں شرکت کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ پی آئی اے اپنے کارکنان کو ایوی ایشن کے متعلق تازہ ترین حفاظتی امور سے آگاہ رکھنے کے لئے مختلف ٹریننگ سیشنزکا انعقاد تسلسل سے کرتی رہتی ہے جن کا آڈٹ بین الاقوامی ادارے بھی وقتا فوقتا کرتے رہتے ہیں۔