سندھ اور پنجاب میںمختلف ٹریفک حادثات،عورتوں اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق،4زخمی

 نواب شاہ میں قاضی احمد لنک روڈ پر ٹرک اور کار کے تصادم میں 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی ہو گئے ، ہسپتا ل منتقل

 اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں  ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق  ،لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں

لاہور کے علاقے سندر میں ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ، موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور2 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے،لاشیں تھانے منتقل

نوابشاہ،لاہور ،اوکاڑہ( ویب ڈیسک) نوابشاہ ،لاہور ، اوکاڑہ میں 3 مختلف ٹریفک حادثات میںعورتوں اور بچوں سمیت 11افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ میں قاضی احمد لنک روڈ پر سیال اسٹاپ کے قریب ٹرک اور کار میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔پولیس نے ریسکیو ادارے کے اہلکاروں کی مدد سے لاشوں اور زخمیوں کو حادثے کا شکار گاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا ۔ اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد میں ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ موضع ٹین ون اے ایل کے قریب پیش آیا ہے جس میں جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خاتون اور 3بچے شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جاں بحق افراد کی لاشوں کو جائے حادثہ سے  ہسپتا ل منتقل کیا جا رہا ہے۔ادھر لاہور کے علاقے سندر میں ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس پر سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے 2 بچے شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق  لاہور  میں سندر کے علاقے مراکہ کے قریب ٹریلر نے  موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں  موٹر سائیکل سوار میاں، بیوی اور2 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 40 سالہ منیر احمد، 32سالہ شکیلہ بی بی، 7سالہ حماد اور 6سالہ فاطمہ شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں لاشیں سندر پولیس اسٹیشن منتقل کر دی گئیں، جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ضلع شیخو پورہ سے ہے۔