اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے 78ویں یوم تاسیس کے موقع پر مولانا سید ابو الاعلیٰ کے مسکن میں تاسیسی کنونشن کا انعقاد
 جمعیت نے طلبہ حقوق اور اسلامی نظام تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی ہے ،  لیاقت بلوچ
اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی امید اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی
 نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے سید مودودی اکیڈمی، میڈیا اسٹوڈیو سمیت مختلف پراجیکٹس کا افتتاح کیا

لاہو ر (ویب  نیوز)

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے 78ویں یوم تاسیس کے موقع پر مولانا سید ابو الاعلیٰ کے مسکن میں تاسیسی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، فرید پراچہ، ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حسن بلال ہاشمی و دیگر نے شرکاء سے خصوصی خطابات کیے جبکہ نائب قیم جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی نے سید مودودی اکیڈمی، میڈیا اسٹوڈیو سمیت مختلف پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ لیاقت بلوچ نے جمعیت کے کارکنان جمعیت کو تاسیس کو مبارکباد دی اور جمعیت کی تاریخ اور روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت نے طلبہ حقوق اور اسلامی نظام تعلیم کے نفاذ کی بے مثال جدوجہد کی ہے ، جمعیت پاکستان میں طلبہ کی سب سے بڑی اور منظم تنظیم ہے، ملک میں بڑی بڑی سیاسی جماعتیں خاندانوں اور شخصیات کا طواف کرتی ہیں ، اسلامی جمعیت طلبہ کی جدوجہد اسے دیگر تنظیموں سے ممتاز کرتی ہے۔ جمعیت نے یونین الیکشنز میں ہمیشہ نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کو کالجز اور جامعات میں ہمیشہ طلبہ وطالبات کی حمایت حاصل رہی۔ انھوں نے کہا کہ 1984 ء میں آخری بار اسٹوڈنٹ یونینز کے انتخابات میں بھی ملک بھر میں طلباء کی نمائندہ آواز کے طور پر سامنے آئی تھی۔ حکومت فوری طلبہ یونین کو بحال کرنے کا اعلان کرے۔ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی کا کہنا تھا موجودہ دور کے تناظر میں جمعیت نے بھی نئی ٹیکنالوجیوں پر کام کرنا شروع کیا ہے تاکہ نیا زمانہ نئے صبح و شام پیدا کیا جاسکے۔ مرکز جمعیت سابقین، احباب جمعیت سمیت کارکنان نے بھی شرکت کی۔ تاسیسی کنونشن میں ملک بھر وابستگان جمعیت نے شرکت کی اور یادوں کو تازہ کیا۔ سید مودودی کی آخری آرام گاہ پر ہونے والی تقریب جواں جذبوں، پرعزم چہروں سے بھرپور تھی۔