حسن بلال ہاشمی دوسری بار اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلی منتخب
صاحبزادہ وسیم حیدر سیکریٹری جنرل جبکہ نوید نادر ، معاز سعید اور آفتاب حسین اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مقرر
جمعیت اپنے 77 سال مکمل کر چکی ہے اور اسلامی جمعیت طلبہ نے اس بے راہروی کے دور میں جوانیوں کو محفوظ رکھا ہوا ہے، پورے پاکستان کے تمام تعلیمی اداروں میں جمعیت کے کام کو پہنچائیں گے، نو منتخب ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی کاخطاب
گجرات،لاہور،کراچی ، اسلام آباد(ویب نیوز)
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا 3 روزہ سالانہ اجتماع ارکان برائے انتخاب ناظم اعلیٰ دارارقم مکبر کیمپس گجرات میں منعقد ہوا۔ دو ہزار سے زائد اراکین جمعیت نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے پی ایچ ڈی کے طالب علم حسن بلال ہاشمی کو اپنا ناظم اعلیٰ منتخب کیا۔ تین روزہ اجتماع ارکان کے پہلے روز امیر جماعت اسلامی پاکستان انجینئر حافظ نعیم الرحمن نے خصوصی خطاب کیا، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان میں طلبہ کی ایک توانا آواز ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ واحد طلبہ تنظیم ہے جو جمہوری بنیاد پر اپنا ناظم اعلیٰ منتخب کرتی ہے اور ماضی میں بھی کرتی رہی ہے۔ 25 لوگوں سے شروع ہونے والی یہ تحریک آج ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی رہنمائی کر رہی ہے۔ اجتماع کے دوسرے روز بین الاقوامی سیشن منعقد ہوا جس میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ترکیہ کے طلبہ نمائدگان اور IIFSO کے سیکرٹری جنرل فیصل پرویز نے خصوصی شرکت کی۔دوسرے روز سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ملک بھر سے جمع ہونے والے اراکین جمعیت سے مخاطب ہوئے۔ اجتماع کے تیسرے روز اختتامی سیشن سے نو منتخب ناظم اعلیٰ حسن بلال ہاشمی مخاطب ہوئے۔حسن بلال ہاشمی کا کہنا تھا کہ جمعیت اپنے 77 سال مکمل کر چکی ہے اور اسلامی جمعیت طلبہ نے اس بے راہروی کے دور میں جوانیوں کو محفوظ رکھا ہوا ہے۔ جمعیت نے ہر دور میں بہترین افراد کار تیار کر کے تحریک اسلامی اور معاشرے کو دیے۔پورے پاکستان کے تمام تعلیمی اداروں میں جمعیت کے کام کو پہنچائیں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے ایک طویل اورمئوثر منصوبہ بندی ترتیب دی ہے۔ ہم نے گزشتہ سال 300 سے زائد تعلیمی اداروں میں جمعیت کی دعوت کو پہنچایا اور جمعیت کے کام کا آغاز کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ اپنے تربیتی اور تنظیمی نظام کو ڈیجٹلائز کرنے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے۔بہت جلد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طلبہ کی رہنمائی کریں گے۔