عدم اعتماد پر ازخونوٹس کیس کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے حکومتی تیار درخواست دائر نہ ہوسکی
عدالتی وقت ختم ہوجانے کے باعث درخواست متعلقہ دفتر میں دائر نہیں کی جا سکی، ذرائع
اسلام آباد(ویب نیوز) سپیکرقومی اسمبلی کی رولنگ کے خلاف از خود نوٹس کیس میں لارجر بینچ کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے تیا رکی گئی حکومتی درخواست تیاری کے باوجود سپریم کورٹ میں دائرنہ ہوسکی ۔ذرائع کے مطابق بینک بند ہونے اور عدالتی وقت ختم ہوجانے کے باعث درخواست متعلقہ دفتر میں دائر نہیں کی جا سکی اب درخواست سوموار کو دائر کی جائے ۔ رجسٹرار دفترکے ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی درخواست دائر نہیں کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کے 7 اپریل 2022 کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست تیار کی ہے۔یہ درخواست بابراعوان اور محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے تیار کی ہے جس میں عدالتِ عظمی کے 5 رکنی لارجر بینچ کا 7 اپریل کا حکم واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قومی اسمبلی کو آرٹیکل 69 کے تحت ٹائم ٹیبل نہیں دے سکتی۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے سات اپریل کو کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد تحریک عدم اعتماد سے متعلق تین اپریل کی ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دے دی تھی اورتحلیل قومی اسمبلی بحال کرکے عدم اعتماد پر ووٹنگ کا حکم دیا تھا۔