ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی لہر میں کمی کی پیشگوئی کر دی ہے۔

اسلا م آباد (  ویب نیوز )

ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ 2024 جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں گزشتہ سال پچھلی 5 دہائیوں سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے رواں سال مہنگائی زیادہ رہے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معاشی بحالی اور اصلاحات کیلیے اہم چیلنج ہے۔ پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 25 فیصد کی اونچی سطح پر رہنے اور آئندہ مالی سال اس میں نمایاں کمی ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستانی معیشت سیاسی غیر یقینی اور سیلاب کے باعث سکڑ گئی۔ تعمیراتی شعبے میں لاگت بڑھنے اور ٹیکسز میں اضافے سے ترقی متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کی مالیاتی شمولیت کیلیے اقدامات کی ضرورت ہے جب کہ رواں مالی سال زرعی پیداوار اور صنعتی شعبے میں بہتری آنے کی امید ہے۔

رپورٹ کے مطابق اصلاحات پر عملدرآمد کیا گیا تو معاشی بحالی رواں سال سے شروع ہو جائے گی اور پاکستانیوں کے لیے مہنگائی میں آئندہ مالی سال میں کمی آنے کا امکان ہے۔ غذائی اشیا کی قیمتوں میں استحکام آنے کی توقع ہے۔ جس سے مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک آجائیگی۔