ٹرمپ کو بڑا دھچکا: ڈیموکریٹس نے سینیٹ کا میدان مار لیا، اکثریت حاصل کرلی
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی واپسی ہوئی ہے، 51 نشستیں حاصل کرلیں۔
رپورٹس کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نے 153 جبکہ ڈونلڈٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی 97 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔
ڈیموکریٹس نے جنوبی کیرولائنا سے سینیٹ کی اہم نشست ری پبلکنز سے چھین لی، جنوبی کیرولا ئنا سے ڈیموکریٹ امیدوار اینی اینڈ ریوز کامیاب ہوکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیمو کریٹس نے شمالی کیرولائنا سے بھی اہم سینیٹ نشست حاصل کرلی جبکہ شمالی کیرولائنا سے ڈیموکریٹ امیدوار رائے کو پر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ریپبلکنز کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے بعض حلقوں میں ڈیموکریٹ امیدواروں کی کامیابی کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج پر تازہ ردعمل بھی دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ ان انتخابی نتائج کو "مکمل طور پر قبول کرنے کے لیے تیار ہیں” اور مخالف جماعت کے ساتھ کام کرنے پر بھی آمادہ ہیں۔
امریکی مڈٹرم انتخابات پر ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کا سٹہ لگ گیا
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ان کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہوں گے اور ممکنہ طور پر ہم کسی نہ کسی اتفاقِ رائے تک پہنچ جائیں گے۔
مڈٹرم الیکشن کے نتائج قبول، ایران جنگ اور مہنگائی ریپبلکنز کی شکست کی وجہ بنی: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ ایران جنگ اور مہنگائی ریپبلکنز کی شکست کی وجہ بنی۔
نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج کو قبول کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں، ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کسی مشترکہ لائحہ عمل پر کام کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہوں، ممکن ہے دونوں جماعتیں کسی معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرلیں۔
بعدازاں وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران جنگ اور مہنگائی ریپبلکنز کی شکست کی وجہ بنی، اپنی کابینہ میں تبدیلی کا ارادہ نہیں رکھتا، امیگریشن سمیت متعدد معاملات پر ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کر سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی انتخابی کارکردگی کو سراہتا ہوں، ڈیموکریٹس کئی معاملات پر تعاون کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے قلیل مدتی اثرات برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں تھے، انتخابی نتائج کے ریپبلکنز کے خلاف آنے میں ایران جنگ اہم رہی، ڈیموکریٹس غیر ضروری نوعیت کے بل پیش کریں گے تو ویٹو کروں گا۔
ٹرمپ کی شدید مخالفت کے باوجود مشی گن سے عبدل السید مسلم سینیٹر منتخب

خلاصہ
- مشی گن: (دنیا نیوز) امریکی ریاست مشی گن سے ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے سینیٹ کی نشست پر تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلے مسلمان امریکی سینیٹر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
سینیٹ کی نشست پر ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کو شکست دی۔
عبدل السید نے الیکشن میں کامیابی پر ووٹرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کامیابی عوام کے نام کرتا ہوں، یہ مزدوروں کی نہیں میری جنگ ہے، ٹرمپ کے الزامات کے باوجود جدوجہد جاری رکھی، انہوں نے ہمیں ہرانے کیلئے خطیر رقم خرچ کی لیکن مشی گن نے امید کو چن لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ریپبلکن امریکا کے نظریے کے مخالف ہیں، میرے نام اور مذہب کو مسئلہ بنایا گیا، حکومت عوام کیلئے اور عوام سے ہوتی ہے، ہم امریکی عوام اور مزدوروں کیلئے روشن مستقبل چاہتے ہیں، میری توجہ اپنے پالیسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر مرکوز ہے۔
واضح رہے کہ امریکی مڈٹرم انتخابات میں عبدل السید کے علاوہ کئی دیگر مسلم امیدوار بھی میدان میں اترے تھے۔






