پنجاب کے متعدد اضلاع میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

آئندہ دو روز کے دوران لاہور، فیصل آباد، ملتان سمیت کئی شہروں میں سموگ متوقع، حدِ نگاہ متاثر ہونے اور صحت کے مسائل کا خدشہ، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

اسلام آباد (ویب  نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو روز کے دوران سموگ کی شدت میں اضافے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب، سرگودھا، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور فیصل آباد سمیت متعدد اضلاع میں سموگ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق جھنگ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی سموگ کی صورتحال پیدا ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ سموگ اور دھند کے باعث بالخصوص رات گئے اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آنے اور حادثات کا خدشہ ہے۔ اس لیے شہریوں کو دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے، ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق آلودہ فضا اور سموگ کی بڑھتی ہوئی شدت انسانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور سانس کی دیگر تکالیف پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ الرٹ میں خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سموگ کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اپنی صحت و سلامتی کو ترجیح دیں۔ این ڈی ایم اے نے عوام اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ فضائی معیار (اے کیو آئی) اور حدِ نگاہ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی حاصل کی جا سکے اور ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت اور مستند معلومات کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات سے باخبر رہیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں