سیاست دانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔
نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے جمہوری ری سیٹ ضروری ہے: بلاول بھٹو

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ سندھ حکومت آج ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے۔ ہاؤسنگ اسکیم کے منصوبے سے 10 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے جبکہ 10 لاکھ گھر تعمیر کروا کر ریکارڈ قائم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو یوتھ کارڈ کے اجرا پر مبارکباد دیتا ہوں۔ نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں اور موجودہ حالات میں نوجوان طبقہ سب سے زیادہ مشکلات کا شکار ہے۔ محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں کی مدد کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوان باضابطہ معیشت کا حصہ بن سکیں گے، اس کی سہولت ایک بینک کارڈ کی طرح ہوگی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاست دانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔ ہمیں عوام کو معاشی آفت سے بچانا ہے کیونکہ مستقبل میں خطرناک معاشی حالات نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کو ایک طرف رکھ کر قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا نظام ہونا چاہیے جس پر عوام، اپوزیشن اور نوجوانوں کو اعتماد ہو۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ 20 سال سے سیاست میں ہیں اور تمام سیاست دانوں سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔ آج اگر میں خود مایوس ہوں تو نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی؟ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر نظام کو ری سیٹ کرنا ہے تو یہ عمل جمہوری ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نظام بنایا جائے جس میں کرپشن کے راستے بند ہوں اور انتقام لینے کے بجائے ملکی حالات بہتر بنانے پر توجہ دی جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے، قومی اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے ہی معاشی مشکلات کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔





