پانچ لاکھ سے زائد لاکھوں پاسپورٹ التوا کا شکار، شہری کئی ماہ سے پریشانی کا شکار

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ بروقت فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا

حج اور عمرہ پر جانے کے خواہش مند بھی پاسپورٹس بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی کرب کا شکار ہیں

محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بنا کر دے رہا ہے،متاثرین

انک اور لیمینشن پیپر کا سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، پاسپورٹ حکام

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

محکمہ پاسپورٹ میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے شہری کئی ماہ سے پریشانی کا شکار ہیں۔ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مشین ریڈ ایبل اور ای پاسپورٹ بروقت فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا۔ ساڑھے 5لاکھ سے زائد پاسپورٹ التوا کا شکار ہونے کی وجہ سے امریکا، برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں رہائش پذیر سینکڑوں پاکستانی پاسپورٹ کے انتظار میں کئی ماہ سے انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔ حج اور عمرہ پر جانے کے خواہش مند بھی پاسپورٹس بروقت نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی کرب کا شکار ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن صرف ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک فیس والوں کو پاسپورٹ بنا کر دے رہا ہے،ایک متاثرہ شخص نے کہا 3ماہ ہو گئے ابھی تک پاسپورٹ نہیں ملا، رمضان المبارک میں عمرے پر جانا تھا، رمضان ختم ہونے کو ہے پاسپورٹ نہیں ملا۔ دوسری جانب پاسپورٹ حکام نے کہا ہے کہ انک اور لیمینشن پیپر کا سٹاک ختم ہونے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، دونوں اشیا آ چکی ہیں جس کے بعد اب جون تک تمام پاسپورٹ کلیئر ہو جائیں گے۔