ٹوئٹرکی بندش ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے سے تفصیلی جواب طلب کر لیا

ہمارا اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے،وکیل پی ٹی اے

 جس نے بھی کیا لیکن ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا ہے،چیف جسٹس عامرفاروق

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،وکیل درخواست گزار

 ابھی جواب تو آنے دیں اپنے ہتھیار پہلے ہی نہیں دکھا دیئے جاتے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

عدالت نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی

اسلام آباد (  ویب  نیوز)

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر)کی بندش کے خلاف درخواست پر پی ٹی آئی سے جواب طلب کر لیا ، سماعت 26 مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے صحافی احتشام عباسی کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے اور تیاری کیلئے وقت مانگا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر کیا ہوا؟ وہاں تو توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہونی تھی جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کیا گیا ۔چیف جسٹس نے وکیل پی ٹی اے سے مکالمہ کیا کہ آئندہ سماعت پر واضح جواب جمع کرائیں، واضح جواب ہونا چاہیے، عدالت کو بتائیے گا کہ دراصل ہو کیا رہا ہے۔وکیل پی ٹی اے نے موقف اختیار کیا کہ ہمارا اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی ہے جس نے بھی کیا ہے لیکن ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند ہوا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ میں بھی ڈھیلا ڈھالا ہی کام چل رہا ہے، اسی لئے آپ کو کہا ہے کہ اس عدالت میں مفصل جواب جمع کرائیے گا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ابھی جواب تو آنے دیں اپنے ہتھیار پہلے ہی نہیں دکھا دیئے جاتے،میں اسی لئے زیادہ لمبی تاریخ نہیں ڈال رہا اور جلدی جواب طلب کر رہا ہوں۔بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 26 مارچ تک ملتوی کر دی۔