لانگ مارچ کے راستوں کی بندش پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کاسپریم کورٹ سے رجوع

حکومت اور اداروں کو فوری طور پررکاوٹیں ہٹانے کا حکم جاری کیا جائے ، آئینی درخواست میں موقف

حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرے، سپریم کورٹ بار کامطالبہ

اسلام آباد ( ویب نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن نے تحریک انصاف کالانگ مارچ روکنے کیلئے کی گئی راستوں کی بندش اور چھاپوں کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے وکلا کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ راستوں کی بندش سے عدالتوں، اسپتالوں اور دفاتر جانے والے شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پولیس وکلا کے گھروں پر پولیس چھاپے مار رہی ہے جبکہ سیاسی ورکرز اور اراکین اسمبلی کو غیر قانونی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔درخواست گزاران نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپریم کورٹ حکومت اور اداروں کو تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دے اور ریاستی اداروں کو کوئی بھی غیرآئینی قدم اٹھانے سے روکا جائے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے لانگ مارچ پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی گرسرمیاں اور احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت کسی بھی سیاسی جماعت کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینئر وکیل بابر اعوان، فواد چوہدری کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکنے اور وکلا کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔