کراچی :شہر کی 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری
یوسیز میں نہ کسی کو جانے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی وہاں سے نکل کر کوئی دوسرے علاقوں میں جا سکے گا
کراچی(صباح نیوز)کراچی میں کوروناوائرس کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر شہر کی 11 یونین کونسلز (یوسیز) کو مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری کر دییگئے ہیں۔ ڈپٹی کمنشر ایسٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یوسیز میں نہ کسی کو جانے کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی وہاں سے نکل کر کوئی شہر کے دوسرے علاقوں میں جا سکے گا۔ جن یوسیز کو سیل کیا گیا ہے ان میں یوسی 6 گیلانی ریلوے، یو سی 7 ڈالمیہ یو سی 8 جمالی کالونی، یوسی 9 گلشن کو سیل کیا جارہا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع ایسٹ کی یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، یو سی 13صفورہ، یو سی 14فیصل کینٹ، یوسی 2 منظورکالونی، یوسی جیکب لائن اور یوسی 10جمشید کوارٹرز بھی سیل ہونے والی یونین کونسلز میں شامل ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جن یوسیز کو سیل کیا جارہا ہے وہاں کیسز زیادہ ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوسیز کو سیل اس لیے کر رہے ہیں کہ کورونا کیسز کو روکا جائے۔ڈپٹی کشنر ایسٹ نے پولیس اور رینجرز کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔